پاکستانی ماہرین موسمیات نے کورونا اور موسمی حالات کے درمیان تعلق تلاش کرلیا

0
1713

تحریر: محمد لقمان
محکمہ موسمیات نے نوید سنائی ہے کہ درجہ حرارت میں معمول سے تین سے پانچ ڈگری سینٹی گریڈ اضافے اور فضا میں پچپن فیصد سے زائد نمی کی موجودگی سے کورونا وائرس کے پھیلاو میں پچاس سے پچھتر فی صد تک کمی آسکتی ہے۔
ماہرین موسمیات کی طرف سے جاری کووڈ ایڈوائزی کے مطابق وائرس کے پھیلاو کا موجودہ رجحان اگلے تین سے چار ہفتے جاری رہنے کا امکان ہے۔ تاہم جون کے آخری ہفتے میں پری مون سون بارشوں کے آغاز کے ساتھ ہی وائرس کے پھیلاو میں تیزی رک جائے گی۔ اگر جولائی اور اگست میں معمول کے مطابق بارشیں ہوئیں تو وائرس کے پھیلاو میں کمی آ سکتی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق کورونا وائرس شام پانچ بجے سے رات بارہ بجے تک زیادہ پھیلتا ہے۔ اس لیے اگر مئی اور جون کے مہینوں میں ان اوقات میں مکمل لاک ڈاون کیا جائے تو وبا میں کافی کمی آسکتی ہے۔ ماہرین موسمیات نے عوام کو اے سی کا کم ازکم استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ سرد اور خشک حالات وائرس کے پھیلاو کے لئے ساز گار ہیں۔
پاکستان میں چھبیس فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس کراچی میں سامنے آیا تھا۔ اب تک کورونا وائرس سے پچاس ہزار چھ سو چورانوے افراد متاثر ہوئے ہیں اور اموات کی تعداد ایک ہزار سڑسٹھ تک پہنچ گئی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here